پاکستان تحریک انصاف کے 25 مئی کو شہر اقتدار اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے پیش نظر حکومت نے حکمت عملی تیار کرنا شروع کردی۔ اسلام آباد کے ریڈ زون کو کنٹینر لگاکر سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت نے ڈی چوک کو گزشتہ رات ہی کنٹینر لگاکر سیل کردیا تھا۔ ریڈ زون جانے والے دیگر راستوں کو بھی آج تک رات تک کنٹینر لگاکر بند کردیا جائے گا۔ آمدرفت کیلئے صرف مارگلہ روڈ کو کھلا رکھا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کسی بھی تصادم یا ہنگامی حالات سے بچنے کیلئے شہراقتدار میں فوج طلب کئے جانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ دیگر صوبوں سے بھی پولیس ، ایف سی اور رینجرز طلب کی جارہی ہے۔
موٹر وے اور اسلام آباد سیف سٹی کے کیمروں سے نگرانی کیلئے مانیٹرنگ سیل بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق سیکیورٹی پلان آئی جی اسلام آباد کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں ترتیب دیا گیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور اسپیشل برانچ کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں تیار کی گئی سفارشات سے متعلق حتمی منظوری وزارت داخلہ دے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے بدھ 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کرائے جائیں۔
عمران خان نے اعلان کیا تھا جب تک اسمبلیاں توڑ کر عام انتخابات کا اعلان نہیں کیا جائے گا، تحریک انصاف کے ارکان اور لانگ مارچ کے شرکاء اسلام آباد میں ہی موجود رہیں گے۔