کراچی میں نمائش چورنگی پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے پولیس نے انتظامات مکمل کرلئے، نمائش چورنگی اور اطراف کی سڑکیں بندکردی گئیں۔ ہیڈ کوارٹرز سے پولیس کی اضافی نفری نمائش چورنگی پہنچ گئی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق لائنز ایریا سے نمائش آنے والا نظامی روڈ بھی واٹر ٹینکرز لگا کر ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے اور کوریڈور تھری سے مزار قائد جانے والا راستہ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
کوریڈور تھری کو ٹینکر لگا کر بند کیا گیا ہے جس کے سبب پیپلز چورنگی سے پارکنگ پلازہ آنے اور جانے والی سڑک بند ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق سڑک کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کیا گیا ہے، جبکہ پیپلز چورنگی سے گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑا جارہا ہے۔
کوریڈور تھری پر خداداد کالونی کٹ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، کوریڈور تھری سے مزار قائد کی پارکنگ جانے والا کٹ بھی بند ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی ہوگی۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ اینٹی رائٹ فورس اورڈسٹرکٹ پولیس مظاہرین کی پیش قدمی روکے گی جبکہ ممکنہ گرفتاریوں کے پیش نظر قیدیوں کو لےجانےوالی 2 گاڑیاں بھی نمائش چورنگی پہنچادی گئی ۔
کراچی میں تحریک انصاف کا احتجاج روکنے کے لئے پولیس نے رات گئے کریک ڈاؤن کرتےہوئے مختلف علاقوں سے 2 درجن سے زائد کارکنان اور علاقائی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔
لیاری کلاکوٹ اور بغدادی میں پولیس نے رات گئے چھاپہ مارکرسابق ایم این اے کےکوآرڈینیٹر سمیربلوچ سمیت 7 کارکنان کو گرفتار کیا۔کیماڑی میں چھاپوں کے دوران ضلعی عہدیدار امجد آفریدی سمیت 16 افراد گرفتار کرلئے گئے۔
ایم این اے آفتاب جہانگیر کے گھر پر چھاپہ مارکرچھوٹے بھتیجے کو گرفتار کرلیا گیا۔ پی ٹی آئی ایم پی اے رابستان خان کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کے بڑے بھائی کو گرفتار کرلیا۔