پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کے انعقاد کیلئے آج کراچی میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔
پی ٹی آئی نے چیئرمین عمران خان کی الیکشن کراؤ ملک بچاؤ تحریک کے سلسلے میں آج کراچی میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے جس کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق یہ ریلیاں ماڈل ٹاؤن، منگھو پیر، مون آباد، گلشن اقبال، صفوری، حیدری اور صدر کے علاقوں سے نکالی جائیں گی۔
ان ریلیوں میں کراچی کے تنظیمی عہدیداروں سمیت سابق ارکان قومی اسمبلی سمیت ایم پی ایز بھی شرکت کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے عوام سے بھی ریلیوں میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
صدر پاکستان تحریک انصاف کراچی کے مطابق مختلف علاقوں سے نکلنے والی ریلیوں میں بلدیاتی الیکشن کے نامزد امیدوار اور کارکن بھی تحریک کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کو عام انتخابات کرانے کا کہا ہے۔ عمران خان نے خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیاں تحلیل کرنے کا عندیہ بھی دیا ہوا ہے۔