پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر آج دوپہر شارع فیصل پر ایک بار پھر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے ایک دوپہر ایک 2 بجے شارع فیصل پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے رہنماؤں اور کارکنوں کو شارع فیصل پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پی ٹی آئی نے شارع فیصل پر 2 بجے مظاہرے کا اعلان کیا ہے، مظاہرین کو روکنےکےلیے پولیس کی حکمت عملی تیار ہے، شارع فیصل پرپولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کردی ہے جب کہ شارع فیصل پہنچنے پر مظاہرین کو فوراً گرفتار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزبس کو جلانے والے 2 ملزمان کوگرفتار کرلیا ہے اس کے علاوہ متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتارکیا ہے اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے جارہے ہیں، ہم شہر کا امن کسی کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ایک پیپلز بس اور 2 واٹر ٹینکرز کو آگ لگائی گئی جب کہ شہر میں 2 درجن سے زائد موٹرسائیکلیں اور شارع فیصل پرپولیس قیدی گاڑی کوبھی آگ لگائی گئی۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑے، ایک ایس پی، ایک ڈی ایس پی اور10 سے زائد اہلکارزخمی ہوئے۔