پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صرف جنوری تک کی مہمان ہے، پشاور کا جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہے، عوام نے فیصلہ سنا دیا، اب حکمرانوں کا گھر جانا ہی پڑے گا۔
بلاول بھٹو نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ یہ لوگ یہ گڈ اور بیڈ طالبان کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ خیبر پختوںخوا کے عوام کو بے آسرا چھوڑ دیا گیا۔ ہم دہشتگردوں کو دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں سب کے لیے ایک قانون نہیں ہوگا، تب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ بجلی، چینی، گیس، سبزیاں، آلو اور مرغی کے گوشت سمیت سب کچھ مہنگا ہے۔ غریب عوام جائے تو کہاں جائے۔ سلیکٹڈ کی نالائقی کی وجہ سے ملک میں بجلی آٹا اور چینی کا بحران ہے۔ ملک میں تاریخی مہنگائی اور غربت ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کی نالائقی کا بوجھ بھی عوام اٹھا رہے ہیں۔سلیکٹڈ میں دہشتگردوں کے خلاف آواز اٹھانے کی جرات نہیں تھی۔ سوات اور جنوبی وزیرستان میں پاکستان کا پرچم جمہوریت کی وجہ سے لہرا رہا ہے۔ یہاں کے عوام نے ملک کی حفاظت کے لیے جان کی قربانیاں دی ہیں۔