Search
Close this search box.

پی سی بی کا پاک نیوزی کراچی ٹیسٹ میں شائقین کا داخلہ مفت کرنے پر غور

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا ( نیشنل اسٹیڈیم ) میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ میں شائقین کی رونق لگانے کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز میں شائقین کیلئے داخلہ مفت کرنے پر سوچ بچار کررہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔

مختلف اسکولوں، کالجز ، دیگر تعلیمی اداروں سمیت مختلف اداروں اور محکموں کے لوگوں کو پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ میچز کیلئے نیشنل اسٹیڈیم لانے کا منصوبہ زیر غور ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ شائقین کی اسٹیڈیم آمد کو آسان بنانے اور اسٹیڈیم میں مداحوں کیلئے مختلف سہولیات دینے پر بھی غور کررہا ہے۔ 

 ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں اور اداروں سے مشاورت کرے گا اور اسکے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ سے بھی اس سلسلے میں رائے لی جائے گی۔ 

منظوری کے صورت میں شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم آمد کے وقت صرف اصل شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا اور انہیں پاک نیوزی لینڈ میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں داخلہ دے دیا جائے گا۔

واضح رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز میں اب تک شائقین نے بہت کم تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کیا ہے اور شائقین کی عدم دلچسپی کے باعث اسٹیڈیم کے بیشتر انکلوژرز خالی ہی نظر آرہے ہیں۔

شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں عدم سہولیات اور اسٹیڈیم آمد کے وقت پریشانی کی شکایت کرتی نظر آتی ہے۔ شائقین کے مطابق اسٹیڈیم سے پارکنگ کا فاصلہ دور ہونے اور کھانے پینے کی اشیاء لے جانے پر پابندی ہے۔

عام افراد کیلئے ڈالمیا روڈ پر غریب نواز گراؤنڈ میں پارکنگ کے انتظامات کئے گئے ہیں جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے شائقین کو اسٹیڈیم تک لایا جاتا ہے۔ تاہم شائقین کا شکوہ ہے شٹل سروس مقررہ اوقات میں ہی چلتی ہے اور دوران میچ واپس جانے کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹکٹوں کی قیمت 150 سے 500 روپے تک مقرر کی ہے۔ جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ 150، فرسٹ کلاس کے 250 ، پریمیئم کے 300 اور اور وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہیں۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں