پاکستان سپرلیگ سیون کے آغاز میں دو ہفتہ باقی رہ گئے ہیں لیکن ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز نے لیگ میں شائقین کی تعداد پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے حکام کے درمیان سترہ جنوری کو اہم اجلاس ہوگا جس میں کورونا صورتحال کا جائزہ لیا جائےگا۔
سندھ میں کورونا کیسز اور اسکے پھیلاؤ کا جائزہ لے کر این سی او سی فیصلہ کرے گا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کتنے فیصد شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے۔ ابتدائی طور پر این سی او سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو 100 فیصد شائقین اسٹیڈیم میں لانے کی اجازت دی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام پرامید ہیں کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود ایس او پیز کے ساتھ 100 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کی اجازت مل جائے گی۔ پاکستان سپرلیگ کا آغاز 27 جنوری کو شیڈول ہے۔ لیگ کا پہلا مرحلہ کراچی اور دوسرا مرحلہ لاہور میں کھیلاجائےگا۔