متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما وسیم اختر نے معاہدوں پر عمل درآمد نہ کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک بار تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ وسیم اختر نے مطالبات پورے نہ ہونے پر مایوسی کا بھی اظہار کیا۔
سماء نیوز کے دئے گئے انٹرویو میں وسیم اختر نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضٰی وہاب کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مرتضٰی وہاب تمام تر اختیارات ہونے کے باوجود ڈلیور نہیں کرسکے ہیں۔
ایم کیوایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ مرتضٰی وہاب کے پاس سارے وسائل اور اختیارات ہیں لیکن انکی کارکردگی صفر ہے۔ مرتضٰی وہاب کراچی کے ناکام ترین ایڈمنسٹریٹر ہیں۔
سابق میئر کراچی اور ایم کیو ایم کے سینئر رہنما وسیم اختر کا کہنا ہے کہ پیپلرپارٹی سے معاہدوں کا تجربہ کبھی اچھا نہیں رہا اور اس بار بھی نیک نیتی نظر نہیں آرہی۔
وسیم اختر نے پاکستان پیپلز پارٹی پر حلقہ بندیوں کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی کا الزام بھی عائد کیا۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ موجودہ بلدیاتی حلقہ بندیاں پیپلزپارٹی کی ‘‘جیومینڈرنگ’’ ہیں، پیپلزپارٹی حلقہ بندیوں کے ذریعے پری پول دھاندلی کرچکی ہے۔
واضح رہے ایم کیوایم پاکستان نے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نون سے علیحدہ علیحدہ معاہدے کئے تھے جسکے بعد ایم کیوایم پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں پی ڈیم ایم کا ساتھ دیا تھا۔