پیپلزپارٹی 15 سالوں سے سندھ حکومت میں ہے، وسائل عوام کیلئے استعمال نہیں ہورہے، وسیم اختر

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر وسیم اختر نے کراچی شہر کی ابتر صورتحال پر پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ وسیم اختر نے پریس کانفرنس کے دوران پیپلز پارٹی پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔

ایم کیوایم بہادرآباد مرکز پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی ڈوبا ہوا ہے لیکن کوئی کچھ نہیں کررہا۔ سڑکوں پر اداروں کے لوگ موجود نہیں ہیں۔ اس سے زیادہ بری گورننس نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ آتا ہے جہاں کا مینڈیٹ ہے اسے ملتا ہے، کراچی میں لوگوں کی جانیں گئیں، املاک کا نقصان ہوا، اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے گئے، ناکام ہو گئے۔

وسیم اختر نے کہا ہے کہ جعلی ڈومیسائل پر لوگوں کو نوکریاں دینگے تو یہی ہوگا، 2 سال سے ایڈمنسٹریٹر کے پاس تمام نظام موجود ہے، کراچی میں بارشوں سے جو حال ہوا کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔

 کراچی میں جو سڑکیں تھیں وہ بھی تباہ ہوگئیں، سندھ حکومت نے نئی بسیں شروع کی وہ بند ہوگئیں۔سندھ حکومت کے پاس سارے وسائل موجود ہیں، آپ نے بارش اور عید کیلئے پلان کیوں نہیں بنایا ؟

سندھ حکومت نے جو نئی بسیں شروع کی تھیں وہ بھی ایک ہفتے سے بند ہے، نئی بسیں بند ہونے کی وجہ بارش ہے یا کچھ اور انہیں نہیں معلوم۔ لیکن بارش کے بعد ناقص انتظامات کی وجہ سے لوگوں کا جانی اور مالی نقصان ہوا۔

سڑکوں پر کئی فٹ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں موٹرسائیکلیں اور چنگچی رکشے بھی تباہ ہوئے۔ پیپلزپارٹی 15 سالوں سے سندھ حکومت کے وسائل پر قابض ہے لیکن وہ وسائل عوام کیلئے استعمال نہیں ہورہے۔

دو سال ایڈمنسٹریٹر کے پاس سارے اختیارات اور فنڈز ہیں مگر کوئی کام نہیں ہوا، افسر عید منانے اندرون سندھ جاچکے تھے،لوکل کو نوکریاں نہیں دیں گے تو ایسا ہی ہوگا۔

وسیم اختر نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر وسائل کے ہوتے ہوئے بھی پلاننگ نہیں کی گئی جس وجہ سے تباہی ہوئی۔ 

فورکاسٹ کے باوجود ایک مہینہ پہلے نالے کیوں صاف نہیں کیے؟ پی ڈی ایم اے کہاں تھا، سارا نظام ڈی سیز کے دفتر چلا رہے تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اپنی نااہلی کا اعتراف کیا۔

وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے ساتھ کیوں کھلواڑ کیا جارہا ہے؟ ہمارے دور میں بھی بارش ہوئی لیکن کبھی انڈر پاسز بند نہیں ہوئے، آپ نے سارے وسائل فنڈز سمیت اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ آپ کراچی کو تباہی کے دہانے پرلے گئے،  آصف زرداری اوربلاول بھٹو سندھ حکومت کی نااہلی دیکھیں، سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نچلی سطح پر اختیارات دیتے تو یہاں کے مسائل حل ہو رہے ہوتے، کراچی کا مینڈیٹ ایم کیو ایم کے پاس ہے، حکومت ایک ماہ قبل پلاننگ کرتی تو کراچی کا یہ حال نہ ہوتا۔

Spread the love
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts