پہلا نشان حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن سرور شہید کا یوم شہادت، پاک فوج کا گارڈ آف آنر

پاکستان کے عظیم فرزند اور نشان حیدر حاصل کرنے والے پہلے سپوت کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا 74 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید کے آبائی گاؤں سانگھوری، گوجر خان راولپنڈی میں یوم شہادت کی پروقار تقریب ہوئی۔ 

میجر جنرل ممتاز حسین نے شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ تقریب میں مختلف شعبوں سےتعلق رکھنے والےافراد، سول و عسکری حکام اور شہداکے لواحقین نےشرکت کی۔

واضح رہے کہ کیپٹن محمد سرور شہید ضلع راولپنڈی کے ایک گاؤں سنگھوری میں 10 نومبر 1910 میں پیدا ہوئے، محمد سرور شہید نے اپنی ابتدائی تعلیم فیصل آباد سے حاصل کی۔

سن 1929 میں انہوں نے فوج میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کی، 1944میں پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، جس کے بعد انہوں نے برطانیہ کی جانب سے دوسری عالمی جنگ میں حصہ لیا، شاندار فوجی خدمات کے پیشِ نظر 1946 میں انہیں مستقل طور پر کیپٹن کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

ستائیس جولائی 1948ء جب ان کی بٹالین نے اڑی سیکٹر میں دشمن کی ایک اہم پوزیشن پر حملہ کیا تو اس حملے کے دوران انہوں نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

ستائیس اکتوبر 1959ء کو انہیں نشانِ حیدر کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا، انہیں پہلا نشانِ حیدر پانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts