پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی پر ڈرون حملہ کے بعد برینٹ خام تیل 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ٹریڈنگ کے دوران خام تیل 87 ڈالر فی بیرل سے اوپرچلا گیا۔ ویسٹ ٹیکسس خام تیل بھی 85 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہورہا ہے۔
دنیا بھر میں تیل قیمتوں میں پہلے ہی اضافہ ہورہا تھا اور اب اس واقعہ کے نتیجہ میں خام تیل مہنگا ہونے کے باعث دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ متوقع ہے جسکے اثرات ممکنہ طور پر پاکستان میں بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
پیر کے روز ابوظہبی کے ائرپورٹ کے قریب یمن کے حوثی باغیوں نے ڈرون کے ذریعے ایندھن کی فرم کو نشانہ بنایا تھا جسکے نتیجہ میں 3 ٹرکوں میں آگ لگی۔ حملہ کے نتیجہ میں ایک پاکستانی اور دو بھارتی شہری بھی جاں بحق ہوئے تھے