ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں جس کے پیش نظر سندھ کے مختلف اسکولوں میں پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ سندھ کابینہ نے اسکولوں کی مرمت کیلئے 3.3 ارب روپے کی منظوری دے دی۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ مقبول باقر کی سرابرہی میں سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، ایڈووکیٹ جنرل اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری ایجوکیشن نے کابینہ کو بتایا کہ سندھ میں 9 ہزار 901 اسکولوں کو مرمت کی ضرورت ہے جس پر ان اسکولوں کی مرمت کے لیے 3.3 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ سندھ کابینہ نے اجلاس کے دوران پولنگ کے لیے اسکولوں کو مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں 1 ہزار پندرہ، حیدرآباد کے 4 ہزار 520 اور سکھر کے 4 ہزار 366 اسکولوں میں مرمت کی ضرورت ہے۔ ان تمام اسکولوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کئے جانے ہیں۔
محکمۂ داخلہ سندھ کے مطابق پاکستان رینجرز نے 1.38 ارب روپے فنڈز طلب کیے ہیں، جن سے رینجرز واٹر کینن، کوئیک ریسپانس وہیکلز، مواصلاتی آلات خریدے گی۔
ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس کے دوران سندھ کابینہ نے پاکستان رینجرز کو فنڈز دینے کی منظوری بھی دے دی۔