پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کو 71 برس مکمل ہوگئے۔ وفاقی وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے چینی ہم منصب سے ملاقات میں پاک چین دوستی کے 71 سال مکمل ہونے پر کیک کاٹا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گوانگژو میں چینی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں پاک چین تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔
دونوں رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا پاک چین دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے، پاکستان ون چائنا پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کیلئے بھی ضروری ہے، کسی کوپاک چین دوستی کونقصان پہنچانےکی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ قریبی دوستی اور اسٹریٹجک تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، ہر مشکل وقت میں چین کے بھر پور تعاون اور مدد پر شکر گزار ہیں۔
سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جارہی ہے، انہوں نے چینی وزیر خارجہ کیساتھ دوطرفہ تجارت، اقتصادی تعلقات اور سرمایہ کاری پر مفید تبادلہ خیال کیا۔
بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ بے قصور چینی باشندوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں، یقین دلاتے ہیں چینی باشندوں پر حملہ کرنے والوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔