نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے تمام میچز کراچی میں ہی کھیلے گی۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ملتان ٹیسٹ کو بھی کراچی منتقل کردیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضابطہ اعلان کردیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے ملتان میں شیڈول تھا لیکن خراب موسم، دھند اور فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کے باعث اس میچ کو بھی کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے شیڈول میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے اور پہلے ٹیسٹ کے علاوہ تمام میچز اب ایک ایک دن پہلے شروع ہوں گے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے 30 دسمبر تک شیڈول ہے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ میں اب 2 جنوری سے 6 جنوری تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔
ون ڈے سیریز کے بھی تمام تینوں میچز کراچی میں شیڈول ہیں۔ ون ڈے سیریز کے میچز اب 9 ، 11 اور 13 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے تینوں میچز ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔