پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے آخری تین میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ میچز کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم آنے والے شائقین کیلئے پارکنگ پوائنٹ بھی مختص کردیا گیا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچز کیلئے ٹریفک پلان جاری کیا ہے جسکے مطابق لیاقت آباد 10 نمبر، حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم کی جانب آنے والی سڑک جسے سرشاہ سلیمان روڈ کہا جاتا ہے ہرقسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند رہے گا۔
ایکسپو سینٹر نے نیشنل اسٹیڈٰیم کی جانب ٹریفک کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم اسٹیڈیم سے حسن اسکوائر کی جانب آنے والی سڑک ٹریفک کیلئے کھلی رہے گی اور عوام معمول کے مطابق سفر کرسکیں گے۔
کارساز، ملینیئم ، نیوٹاؤن سے نیشنل اسٹیڈیم کی جانب آنے والی دیگر تمام سڑکوں پر آمدورفت جاری رہے گی تاہم اسٹیڈیم کی جانب آنے والی کسی بھی سڑک پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
نیشنل اسٹیڈیم سے متصل گلیوں کو رکاوٹیں لگاکر بند کیا جائے گا غیر متعلقہ شخص پر داخلے پر پابندی ہوگی رہایشیوں کو شناخت کے بعد جانے کی اجازت ہوگی۔
میچ دیکھنے کیلئے نیشنل اسٹیڈیم آنے والوں کیلئے اسٹیڈیم کے سامنے نیشنل کوچنگ سینٹر اور چائنہ گراؤنڈ میں پارکنگ کے انتظامات کئے جائیں گے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اتوار کی سہ پہر اسلام آباد سے کراچی پہنچ جائیں گی۔ دونوں ٹیموں کا پیر اور منگل کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن بھی شیڈول ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے آخری تینوں میچز کراچی میں شیڈول ہیں جو 3 مئی بروز بدھ، 5 مئی بروز جمعہ اور 7 مئی بروز اتوار کو کھیلے جائیں گے۔