پاک سرزمین پارٹی کا 15 مئی کو باغ جناح کراچی میں خواتین کے جلسے کا اعلان

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے 15 مئی بروز اتوار کراچی میں مزار قائد سے متصل باغ جناح گراؤنڈ میں خواتین کے جلسے کا اعلان کردیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ باغ جناح میں شام 6 بجے خواتین کا جلسہ ہوگا۔

 

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ صرف خواتین کا ہوگا اور اسی باغ جناح گراؤنڈ میں ہوگا جہاں کے لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے بہت بڑا جلسہ کردیا ہے ہم وہاں پر صرف خواتین کا اتنا بڑا اجتماع کرکے دکھائیں گے لوگ دیکھ لیں گے کہ یہ شہر کس کا ہے۔

 

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ انکی مائیں اور بہنیں جلسے میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے سب کو بتادیں گی کہ یہ شہر کس کا ہے اور یہاں کے لوگ کسے اقتدار میں لانا چاہتے ہیں۔ مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ جلسے کا اعلان وہ آج کررہے ہیں لیکن جلسے کے انعقاد کیلئے 26 اپریل کو ہی انتظامیہ کو خط لکھ دیا گیا تھا۔

 

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ اس جلسے کی کامیابی یہ ثابت کردے کہ یہ کراچی پاکستان کے تمام لوگوں کا ہے۔ جو مائیں بہنیں دوسرے شہروں میں موجود ہیں وہ جلسے کی کامیابی کیلئے دعائیں کریں۔

 

ہمارے پاس اس شہر کا مینڈیٹ ہوگا تو اس شہر کے مسئلے حل کرنا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ صرف ایماندار ہونے کی ضرورت ہے اگر آپ نااہل اور کرپٹ نہ ہوں تو نہ صرف یہ شہر بلکہ پورا ملک ٹھیک ہوسکتا ہے۔

 

آج اس شہر میں لوگ نہیں مررہے ، شہداء قبرستان پر تالے لگ گئے۔ آج لوگ لاپتہ نہیں ہورہے یہ سب ہماری وجہ سے ہوا ہے۔ انشاء اللہ پاک سرزمین پارٹی اس شہر کو ترقی یافتہ ممالک جیسے شہروں میں شامل کرے گی۔ پانی کا ، سیوریج کا، روڈ کا ، کچرے کا ، اسکول کا ، اسپتال کے مسائل سمیت تمام مسائل ٹھیک ہوں گے۔

 

مصطفٰی کمال نے عوام سے اپیل کی کہ آج سے اتوار تک ہر کوئی دعوت دینے کا کام کرے۔ 15 مئی کو ہونے والے جلسے میں مائیں ، بہنیں شرکت کریں، مردوں کو روڈ پر روک دیا جائے گا ، پنڈال میں صرف خواتین کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

 

مصطفٰی کمال نے دعویٰ کیا کہ سارے تجربے ناکام ہوچکے ہیں آنے والا وقت پاک سرزمین پارٹی کا ہے۔ کراچی میں لوگوں نے ہمارا بڑا مذاق اڑایا لیکن جیتنے والے سب رسوا ہوگئے۔ لیکن اللہ تعالی نے الیکشن میں شکست کے باوجود سرخرو کیا اور ہماری عزت میں اضافہ کیا ہے۔ انشاء اللہ اس مضبوطی کے ساتھ کراچی اور پورے پاکستان کے عوام کی خدمت کریں گے۔

 

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts