پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کمان سنبھال لی

پاکستان بحریہ کے نامزد امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف ہلالِ امتیاز (ملٹری)، تمغہ بسالت آج بحیثیت 23ویں سربراہ کمان سنبھال لی۔ پاک بحریہ کی تبدیلی کمان کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

ایڈمرل نوید اشرف ہلالِ امتیاز (ملٹری)، تمغہ بسالت نے پاک بحریہ کے 23ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی۔ امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نیوی میں 40 سالہ گرا‍ں قدر خدمات کے بعد آج سبکدوش ہوگئے۔

امجد خان نیازی کی آمد کا اعلان بگل بجا کر کیا گیا اور سلامی پیش کی گئی۔ نئے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے امجد خان نیازی کا خیرمقدم کیا۔ محمد امجد خان نیازی نے اعزازی گارڈ کا معائنہ بھی کیا۔

اس موقع پر امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنے 3 سال میں نیوی کو مزید مضبوط بنانے کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

اس کے بعد نیول سیکرٹری ریئر ایڈمرل فیصل امین نے وزارت دفاع، حکومت پاکستان کا نئے امیر البحر کی نامزدگی کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔ سبکدوش سربراہ نے روایتی اسکرول پیش کرکے کمان نئے امیر البحر کے سپرد کی۔

جس کے بعد اعزازی گارڈ نے نئے امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف کو سلامی پیش کی۔ پریڈ نے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو قومی نعرے کے ساتھ رخصت کیا۔

پاک بحریہ کے نئے اور سبکدوش نیول چیفس اکٹھے پریڈ وینیو سے روانہ ہوئے۔ سینئر فلیگ افسران نے سبکدوش نیول چیف کی کار کو روایتی انداز میں رسے کی مدد سے کھینچ کر الوداع کیا۔

Spread the love
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts