ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں۔ انگلینڈ کے بعد افغانستان کے خلاف بھی شاہین شاہ نے وارم اپ میچ کھیلا اور بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ لینے کی روایت برقرار رکھی۔ شاہین شاہ آفریدی نے رحمان اللہ گرباز کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
شاہین شاہ آفریدی کے خطرناک یارکر نے رحمان اللہ گرباز کو زخمی بھی کردیا۔ آؤٹ ہونے کے بعد رحمان اللہ گرباز انتہائی تکلیف میں دکھائی دئے۔
رحمان اللہ کو طبی امداد فراہم کی گئی لیکن اس کے باوجود وہ چل نہیں پائے، جس کے بعد رحمت اللہ گرباز کو ایک ساتھی کرکٹر کمر پر اٹھا کر میدان سے باہر لے گیا۔
میچ کے اختتام پر شاہین شاہ آفریدی اور قومی ٹیم کے پلیئرز افغانستان کے ڈریسنگ روم بھی گئے اور رحمان اللہ گرباز سے ملاقات بھی کی ۔ شاہین شاہ آفریدی نے 29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
برسبین میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا یہ میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا۔ میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 154 رنزبنائے۔ جواب میں پاکستان نے بغیرکسی وکٹ پر 19 رنز بنائے تھے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اب پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔