پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کی سیریز کو راولپنڈی سے لاہور منتقل کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس میں میچز میں راولپنڈی سے لاہور منتقل کرنے کا اعلان کیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں ہونے والے چاروں میچز لاہور منتقل کردیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ پولیس کی بھاری نفری آسٹریلین ٹیم کی حفاظت پر مامور تھی لیکن اب میچز کی منتقلی کے بعد ہماری نفری کی شہر میں نفری کی تعداد بڑھ جائے گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے تمام محدود اوورز کے میچز کی میزبانی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو کرنی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 29 ، 31 مارچ اور 2 اپریل کو ون ڈے میچز کے ساتھ ساتھ 5 اپریل کو واحد ٹی20 میچ بھی راولپنڈی میں کھیلا جانا تھا۔
واضح رہے راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیاسی گہما گہمی کے باعث میچز کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بھی میچز کو راولپنڈی سے لاہور منتقل کرنے پر کسی تحفظات کا اظہار نہیں کیا ہے۔