پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی سیریز کیلئے شائقین کرکٹ کو بڑی خوشخبری مل گئی۔ کرکٹ کے مداح اسٹیڈیم میں میچز سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاک آسٹریلیا سیریز میں 100 فیصد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی ہے۔ راولپنڈی ۔ کراچی اور لاہور تینوں وینیو پر مکمل گنجائش کے ساتھ میچز کا انعقاد ہوسکے گا۔
این سی او سی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کیلئے کورونا ویکسین شدہ ہونا لازمی ہوگا۔ جبکہ 12 سال سے کم عمر کے بچے بغیر ویکسین کے اسٹیڈیم آسکتے ہیں۔ اسٹیڈیم میں شائقین کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 4 مارچ سے ہورہا ہے۔ سیریز کا پہلا میچ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی اور تیسرا لاہور میں شیڈول ہے۔ ون ڈے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی میچ راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔