پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی سیریز کا آغاز کل سے ہورہا ہے۔آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم چوبیس سال کے طویل عرصہ بعد پاکستانی میدانوں پر ان ایکشن ہوگی۔ مہمان ٹیم کے دورہ پاکستان کا آغاز ٹیسٹ سیریز سے ہوگا جسکا پہلا میچ راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پاک آسٹریلیا پہلا ٹیسٹ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ راولپنڈی میں آج بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جسکے باعث آسٹریلیا کو اپنا پریکٹس سیشن منسوخ کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں کل تو مطلع صاف رہنے کا امکان ہے۔ لیکن اتوار اور پیر کے روز بارش متوقع ہے جسکے باعث میچ متاثر ہوسکتا ہے۔
پاکستان او ر آسٹریلیا کے درمیان تاریخی ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی گزشتہ روز کردی گئی تھی۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹرافی کی رونمائی کی تھی۔ دونوں ٹیمیں میچ کیلئے پرجوش ہیں۔ پاک آسٹریلیا پہلے ٹیسٹ میچ کے تمام ٹکٹ بھی فروخت ہوچکے ہیں۔ این سی او سی نے سو فیصد شائقین کو اسٹیڈیم بھی آنے کی اجازت دے دی ہے۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بھی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کا بہت مزہ آتا ہے۔ پاکستانی میدانوں پر بھی کھیل سے لطف اندوز ہوں گے، پیٹ کمنز کا میچ کی حکمت عملی کے حوالےسے کہنا تھاکہ دو دن پریکٹس میں کنڈیشنز سے ہم آہنگی کی کوشش کی ہے۔ پلیئنگ الیون ابھی فائنل نہیں کی لیکن تین فاسٹ باؤلرز اور دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترسکتےہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا بھی کہنا ہے کہ میچ سے قبل وکٹ کا حتمی جائزہ لے کر ٹیم فائنل کریں گے۔ہوم سیریز کی اہمیت کا اندازہ ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم مضبوط ضرور ہے لیکن ٹیم کے تمام کھلاڑی بھی مہمان ٹیم کو ٹف ٹائم دینے کے لئے پرجوش ہیں۔