پاکستان آٹھویں مرتبہ یو این سکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہو گیا۔ پاکستان کے حق میں بھارت سمیت 182 ممالک نے ووٹ دیا، یونان، ڈنمارک، صومالیہ، پاناما بھی 2 سال کیلئے غیر مستقل رکن منتخب ہو گئے، پاکستان سے پہلے ایشیا پیسیفک گروپ کی سیٹ جاپان کے پاس تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن کے طور پر انتخاب پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا رکن منتخب ہونا امن اور سلامتی کے لیے ہماری قوم کے عزم کا ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کریں گے، ہم اقوام عالم کے درمیان امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔