کراچی کے اسپتال میں زیرعلاج پاکستان کے طویل القامت شخص نصیر سومرو کے علاج کے لئے سندھ حکومت نے ذمہ داری اٹھالی ۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے نصیرسومرو کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کردی۔
وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے نصیر سومرو کے علاج معالجے کے لئے 10 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی ہے۔ امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ انہوں نے دس لاکھ روپے کا امدادی چیک نصیر سومرو کو پیش کردیا ہے۔
امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ نصیر سومرو پاکستان کا اثاثہ ہیں۔ نصیر سومرو کے علاج کیلئے سندھ حکومت اپنا فرض پورا کرے گی۔
پاکستان کے دراز قد شخص نصیر سومرو دنیا کے طویل القامت افراد میں شامل ہیں۔ انکا قد 7 فٹ 9 انچ ہے۔ نصیر سومرو پھیپھڑوں اور ذیابطیس کے مرض میں مبتلا ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق پاکستان میں فضائی آلودگی کے باعث لوگوں کو یہ مرض لاحق ہوجاتا ہے۔
ماضی میں نصیر سومرو کو کراچی کے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا کیونکہ انہیں نمکیات اور خون میں سفید خلیوں کی زیادتی کا سامنا تھا۔
سال 2020 میں وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر طویل القامت پاکستانی نصیر سومرو کو امداد فراہم کی گئی تھی۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے نصیر سومرو کے گھر جا کر انہیں ایک لاکھ 20ہزار روپے کا چیک دیا تھا۔