Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 25 سال مکمل، یوم تکبیر پر وزیراعظم کا خصوصی پیغام

پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی جوہری طاقت بننے کے 25 سال مکمل ہو گئے، ایٹمی دھماکوں کی سلور جوبلی پر پورے ملک میں آج یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

25 برس قبل اسی روز پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا، یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7 ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو  یوم تکبیر  کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا، بلوچستان کے پہاڑوں سے پاکستان کی عظمت کا اعلان ہوا تو دشمن کے عزائم خاک میں مل گئے۔ پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے نہ صرف ملکی سرحدیں محفوظ ہوئیں بلکہ دشمن کا تکبر بھی خاک میں مل کر رہ گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلئے دنیا بھر کے دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑا مگر اس وقت کی حکومت نے ملک کو ایٹمی قوت سے ہمکنار کرنے کیلئے دباؤ اور دھمکیوں کی پرواہ نہ کی۔

مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام آج لبرٹی چوک میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس سے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز خطاب کریں گی، تقریب شام سات بجے ہوگی، آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔ 1998 میں ایٹمی دھماکوں کے وقت ملک میں مسلم لیگ نون کی ہی حکومت تھی اور نواز شریف وزیراعظم تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج میں اُس وقت کے وزیراعظم اور میرے قائد نواز شریف کو سلام پیش کرتا ہوں، نواز شریف نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، محترمہ بے نظیر بھٹو کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ محترمہ بینظیر بھٹو نے اس وقت بطور اپوزیشن لیڈر ایٹمی دھماکوں کے فیصلے کی تائید کی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ دن ہمارے اس ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے۔ کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا، ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ جب بات پاکستان کی آجائے تو ہمارے سیاسی اختلاف، مفاد اور تقسیم سب ختم ہو جاتی ہے، میں ڈاکٹر عبد القدیر خان مرحوم سمیت پاکستان کے جوہری پروگرام کے تمام ہیروز، سائنسدانوں، انجینئرز سمیت کارکنوں اور کسی بھی شکل میں اس کا حصہ رہنے والے تمام افراد کو سلام پیش کرتا ہوں۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts