پاکستان کو اپنے دیرینہ دوست ملک چین سے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر قرضہ موصول ہوگیا، وزیر خزانہ نے رقم اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کی تصدیق کردی۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ چین سے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرض موصول ہو گیا چین کی جانب سے قرض کی رقم آج اسٹیٹ بینک اکاؤنٹ میں جمع ہوگئی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ چین کی جانب سے رقم ملنے پر زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے بھی قرض سرکاری بینک میں منتقل ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ مرکزی بینک نے کہا کہ 15 ارب آر ایم بی (چینی کرنسی) بینک کو موصول ہوچکے ہیں۔
دو روز قبل وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ چین کے کنسورشیم بینکوں کے ساتھ 2 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض کا معاہدہ طے پاگیا ہے لین دین میں سہولت فراہم کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پاکستان کا اگلے چند روز میں آئی ایم ایف کے ساتھ اگر اسٹاف سطح کا معاہدہ طے پاجاتا ہے تو اس کے بعد عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور اسلامک ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو فنانسنگ ملنا شروع ہوجائے گی۔