پاکستان کرکٹ کے چیمپیئن کپتان سرفرازاحمد پر مضمون چوتھی جماعت کے نصاب میں شامل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین کپتانوں میں شامل سرفرازاحمد سے متعلق اب اسکول میں سبق پڑھایا جائے گا۔ سرفرازاحمد کی سوانح حیات کو چوتھی جماعت کی اردو کی کتاب میں شامل کرلیا گیا ہے۔

نصاب میں شامل ہونے کے بعد مستقبل کے معماروں کو کرکٹ کے میدان پر سرفرازاحمد کے کارنامے اور کامیابیوں سے متعلق پڑھایا جائے گا اور طالب علم سرفرازاحمد سے متعلق مکمل علم حاصل کرسکیں گے۔

سرفرازاحمد سے متعلق سبق چوتھی جماعت کی اردو کی کتاب میں شامل ہونے کی خبر انکی اہلیہ خوش بخت سرفراز نے سوشل میڈیا پر دی اور چوتھی جماعت کی کتاب کی تصاویر بھی شیئر کیں جس میں سرفرازاحمد کی سوانح پر مشتمل سبق شامل ہے۔

انہوں نے لکھا کہ وہ اس وقت کا تصور کرتے ہی خوش ہو جاتی ہیں کہ جب ان کے اپنے بچے اسکول میں اپنے اساتذہ اور دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر اپنے ہی والد کے بارے میں پڑھیں گے، الحمد للہ اس سے زیادہ فخر کا مقام اورکیا ہو سکتا ہے۔

سابق کپتان سرفرازاحمد نے ان سے متعلق مضمون کو نصاب میں شامل ہونے کو اعزاز قرار دیا۔ سوشل میڈیا پیغام میں ہی سرفرازاحمد نے لکھاکہ وہ رول ماڈل کے طور پر بچوں کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

سرفرازاحمد نے کہا کہ وہ ان کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ہمیشہ حاضر ہیں۔ سرفرازاحمد نے انہیں نصاب میں شامل کرنے پر سندھ حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سرفراز احمد 22 مئی 1987 کو کراچی میں ایک کاروباری گھرانے میں پیدا ہوئے جبکہ ان کے آباؤ اجداد بھارتی ریاست اترپردیش سے ہجرت کرکے پاکستان آئے تھے۔

کرکٹ کے میدانوں پر سرفرازاحمد نے بے پناہ کامیابیاں حاصل کیں۔ سرفرازاحمد کی قیادت میں پاکستان نے 2006 میں انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ جیتا۔ 2017 میں پاکستان نے سرفرازاحمد کی کپتانی میں ہی پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts