ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے والے ڈیرن سیمی کو حکومت پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ ستارہ امتیاز سے نواز دیا گیا ہے۔
ڈیرن سیمی کو سینٹ لوشیا میں ستارہ امتیاز کے تمغہ اور سرٹیفکٹ دیا گیا۔ جسکی تصاویر سیمی نے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس لمحہ پر فخر کا اظہار کیا۔
ڈیرن سیمی نے ٹوئیٹرپیغام میں لکھا کہ جی ہاں یہ میں ہوں جسے ستارہ پاکستان سے نوازا جارہا ہے جوکہ میرے لئے فخر کی بات ہے۔
ڈیرن سیمی کو پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے خدمات سر انجام دینے پر ستارہ پاکستان کے اعزاز سے نوازنے پر شائقین کی جانب سے اس اقدام کو خوب سراہا جارہا ہے جبکہ انہیں مبارک باد بھی پیش کی جارہی ہیں۔
اس سے قبل 27 مئی کو ڈیرن سیمی نے ایک مختصر ویڈیو بھی ٹوئٹر پر شیئر کی تھی جس میں انہیں قیمض شلوار پہنے گھر سے نکل کر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ اندازہ لگائیں آج میں کیا حاصل کرنے جارہا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور خدمات پر حکومت پاکستان نے گزشتہ سال ڈیرن سیمی کے لیے ستارہ پاکستان کا اعلان کیا تھا۔
دوہزار سترہ میں پاکستان سپرلیگ کے فائنل کا جب لاہور میں پہلی مرتبہ انعقاد ہوا تو بیشتر غیرملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے منع کیا لیکن پشاور زلمی ٹیم میں شامل تمام غیرملکی پلیئر پاکستان آئے۔
غیرملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے میں ڈیرن سیمی نے بڑا کردار ادا کیا اور اسکے بعد بھی کئی مواقع پر سیمی نے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کیا۔