پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کو زور ٹوٹنے لگا ہے۔ ملک بھر میں کورونا کیسز میں بتدریج کمی آنے لگی ہے۔ گزشتہ 25 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.34 رہی۔ پاکستان میں یومیہ ویکسینیشن کا نیا سنگ میل بھی عبور ہوگیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان نے یومیہ ویکسینیشن کا نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ گزشتہ روز ملک بھر میں 20 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔
لوگوں کے ویکسین کروانے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کےباعث کورونا کے کیسز میں بھی کمی آرہی ہے، پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی بھی کورونا کی پانچویں لہر سے سنبھلنےلگا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہرقائد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.65 فیصد رہی۔ 6379 لوگوں کے ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 488 افراد مہلک وائرس کا شکار پائے گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملکی سطح پر کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.34 فیصد ہوگئی ہے۔ پیر کے روز 52 ہزار 327 کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 2799 افراد کورونا میں مبتلا پائے گئے۔ 37 مریض کورونا کے باعث انتقال کرگئے۔