پاکستان میں بے قابو کورونا وبا نے خطرہ کی گھنٹی بجادی۔ پاکستان میں پہلی بار ایک دن میں ریکارڈ 7678 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ مہلک وائرس نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو اپنا ٹارگٹ بنالیا جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 46 اعشاریہ 58 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق شہر قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6760 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 3149 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔
اسلام آباد میں بھی کورونا کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، دو سال میں پہلی بار ایک روزمیں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں اسلام آباد میں ایک ہزار 359 کیس سامنے آئے، مثبت کیسز کی شرح اٹھارہ اعشاریہ نوایک فیصد رپورٹ ہوئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈۤ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 12.93 فیصد ہوگئی۔ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7678 کیسز رپورٹ ہوئے جو اس وبا کے پاکستان آنے کے بعد ایک دن میں کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
کورونا وبا میں مبتلا 23 افراد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انتقال بھی کرگئے۔ اسپتالوں میں زیر علاج کورونا کے 961 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔