پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج نوجوانوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ نوجوانوں کا عالمی دن ہر سال 12 اگست کو پوری دنیا میں منایا جاتاہے۔ اس دن کا مقصد نوجوانوں کے مسائل اور ان کی ترقی کے لیے مواقعوں کو تلاش کرنا اور بیرون ملک ملنے والے مواقع اور خطرات سے آگاہ اور ازالے کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔
پاکستان نوجوانوں کی اکثریتی آبادی والا ملک ہے جس میں 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو یقیناً ایک بڑی تعداد ہے اور اس سے فائدہ اٹھا کر ملک کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔
ملکی آبادی میں نوجوانوں کی اکثریت حوصلہ افزا بھی ہوسکتی ہے اور ایک حساس نوعیت کا چیلنج بھی۔ پاکستان میں سیاسی جماعتیں بھی نوجوانوں پر خاص توجہ دیتی نظر آتی ہیں۔
نوجوانوں کے عالمی دن پر پاکستان پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ نوجوان ہیں، ہمارے نوجوان ملک کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوان ہر چیلنج کا مقابلہ اور ہر شعبے میں قیادت کے لیے پرعزم ہیں،اب پاکستان کی ترقی کو کوئی روک نہیں سکے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورا یقین ہے، نوجوان نسل خوشحال، مضبوط اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے ہر شعبے اور محاذ پر قیادت کی صلاحیت رکھتی ہے،پاکستان ایک خوش نصیب ملک ہے کہ اس کی 63 فیصد سے زائد آبادی 15 سے 33 سال کی عمر پر مشتمل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی رواں سال کو نوجوانوں کا سال قرار دیا تھا۔ لیکن نوجوانوں کیلئے کوئی خاطرخواہ حکومتی سطح پر پیش رفت نہیں ہوسکی۔ روزنامہ دنیا کی رپورٹ کے مطابق لیبرفورس کے سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ ملک میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ سے زائد نوجوان بیروزگار ہیں۔ پڑھے لکھے نوجوانوں میں بےروزگاری کی شرح 21 فیصد ہے۔