پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سیاحت کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ دنیا بھر میں 27 ستمبر کو یہ دن منایا جاتا ہے اور اسکا مقصد سیاحت کی سماجی ،ثقافتی اور معاشی اہمیت سے عوام کو آگاہ کرنا ہے۔
پاکستان میں سیاحت کے عالمی دن پر آج ملک بھر میں مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ محکمہ سیاحت حکومت پاکستان اور صوبائی ٹورزم ڈپارٹمنٹ سمیت مختلف سرکاری وغیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے صوبائی دارالحکومت، ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر سیمینارز، کانفرنسز، دیگر تقریبات کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
حکومت سندھ کے زیر اہتمام سیاحت کا عالمی دن آج کراچی میں موہٹہ پیلس میں ’’سیاحت اور سبز سرمایہ کاری‘‘ کے عنوان سے منایا جائے گا۔ مختلف کاروباری شخصیات، سیاست دان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات تقریب میں شرکت کریں گی۔
سیاحت کا عالمی دن بھر میں 1980 سے منایا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارے یو این ڈبلیو ٹی او کی جانب سے 1980 میں اس دن کو منانے کا آغاز کیا گیا۔ اس دن کے منانے کا مقصد سیاحت کی سماجی ،ثقافتی اور معاشی اہمیت سے عوام کو آگاہ کرنا ہے۔
یہ دن دنیا بھر میں سیاحت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور لوگوں کو سیاحت کی اہمیت اور اس کے فوائد کو سمجھنے کی ترغیب دیتا ہے۔