امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات ہیں۔ امریکا پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
کراچی میں امریکا کے 247ویں یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، امریکی قونصل جنرل ٹیریو اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں خطاب کے دوران امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان میں تعیناتی اور یہاں خدمت کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کی بہت سے مشترکہ کامیابیاں ہیں جس پر فخر کرنا چاہئے۔ ہم ایک ساتھ ملکر دونوں قوموں کیلئے زیادہ مستحکم، سبز اور خوشحال مستقبل کو آگے بڑھاسکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اپنی ملاقات میں سفیر بلوم نے امریکہ پاکستان تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے اور دیگر مشترکہ ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔
دورہ کراچی کے دوران امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نے سرکاری حکام، امریکن بزنس کونسل، اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پاکستان کونسل آن فارن ریلیشنز اور پاکستان نیول اکیڈمی کے حکام کے ساتھ بھی ملاقات کی۔
اوورسیزانویسٹرزچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، امریکن بزنس کونسل اور دیگر صنعتی رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں، سفیر بلوم نے کہا کہ امریکا اور پاکستان دونوں ممالک کے لیئے نجی شعبے کی زیر قیادت، مساوی اور پائیدار اقتصادی ترقی کو مزید سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔
ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ ہم دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، خاص طور پر فریم ورک برائے امریکا پاکستان "سبز اتحاد” جو پاکستان میں موسمیاتی اسمارٹ زراعت اور نجی شعبے کی زیر قیادت ملکی ترقی کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے دورہ کراچی پر پاکستان نیول اکیڈمی حکام سے ملاقات میں کہا کہ ہم پاک بحریہ کے ساتھ میری ٹائم سیکیورٹی تعاون کومزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں تاکہ خطے اورعالمی سطح پر اقتصادی سرگرمیوں میں آسانی ہوسکے، اور بین الاقوامی پانیوں میں جہازرانی کومزید محفوظ بنایا جا سکے۔