پاکستان کے معروف مزاح نگار فاروق قیصر المعروف ’انکل سرگم‘ کو 78ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل نے خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل پاکستان کے مشہور پپٹ ’انکل سرگم‘ کے نام کردیا۔
انکل سرگم کے نام سے فاروق قیصر نے ایک پتلی کا کردار تخلیق کیا تھا جو کئی دہائیوں تک ٹی وی اور ریڈیو پر نشر ہونے والے مقبول پپٹ شو کا مرکزی کردار تھا۔ فاروق قیصر نے انکل سرگم کو اپنی آواز دی تھی۔ فاروق قیصر معروف رائٹر، فنکار، صحافی، پپٹ میکر، کارٹونسٹ اور استاد تھے۔
گوگل نے فاروق قیصر کی فنکارانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں ان کی 78 ویں سالگرہ پر اپنے ڈوڈل کو انکل سرگم میں تبدیل کردیا۔ گوگل کے آئیکون پر کلک کرتے ہی پرانی طرز کی ٹی وی اسکرین سامنے آتی ہے جس میں انکل سرگم ہاتھ اٹھائے کچھ معنی خیز بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی ایک اور مقبول کردار ماسی مصیبتے بھی بیٹھی ہیں۔
ڈوڈل پر کلک کرنے سے فاروق قیصر( انکل سرگم) سے متعلق معلومات دکھائی دینے لگتی ہیں فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945ء کو پنجاب کے علاقے سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، ان کے کٹھ پتلیوں کی دنیا میں سفر کا آغاز لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس میں فائن آرٹ کی تعلیم کے حصول کے دوران ہوا۔
فاروق قیصر کی علم کی پیاس اور فن کا شوق اُنہیں تعلیم کے حصول کے لیے بیرونِ ملک لے گیا جہاں اُنہوں نے یونیورسٹی آف بوکریسٹ سے گرافک ڈیزائن میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی اور یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔
ان کے شاندار کیریئر کا آغاز 1970ء میں بچوں کے ٹی وی پروگرام ’اکڑ بکڑ‘ کے ذریعے ہوا۔ ان کے مشہور ٹی وی شوز کلیاں، سرگم سرگم اور ڈاک ٹائم تھے، تاہم اُنہیں شہرت پی ٹی وی کے مشہور پروگرام ’کلیاں‘ میں انکل سرگم کے کردار سے حاصل ہوئی۔
فاروق قیصر کو ٹیلی ویژن کے ذریعے پاکستان میں تعلیم اور تفریح دونوں شعبوں میں ان کے تعاون کے لیے بڑے پیمانے پر پزیرائی ملی۔
انہیں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا جن میں 1993ء میں ملنے والا پریزیڈینشیئل پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ، 1997ء میں یونیسیف کی جانب سے ملنے والا ’ماسٹر پپیٹیئر‘ کا خطاب اور 2010ء میں ملنے والا پی ٹی وی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ شامل ہیں۔
فاروق قیصر دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کے بعد 14 مئی2021ء کو اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے۔