احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق صدر آصف زرداری سمیت 19 ملزمان کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے تمام ملزمان کو پارک لین ریفرنس میں طلب کیا ہے۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں آصف زرداری اور دیگر کے خلاف پارک لین ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر اور آصف زرداری کی جانب سے وکیل ارشد تبریز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل صفائی نے کہا کہ معاہدے سے قبل آصف زرداری پارک لین میں بطور ڈائریکٹر نہیں رہے تھے۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ ابھی نوٹس کر دیتے ہیں اور تفصیلی دلائل آئندہ سماعت میں سن لیں گے۔
عدالت نے آصف زرداری اور دیگر کو دوبارہ نوٹس کرتے ہوئے سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی اور آصف زرداری سمیت 19 ملزمان کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔