چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اسلام آباد میں کی گئی پریس کانفرنس پر وضاحت کے لیے شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت ختم کردی۔
پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں عمران خان کی جانب سے فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن شیئر کیا گیا۔
Chairman PTI @ImranKhanPTI has terminated the basic membership of Faisal Vawda from the party. #حقیقی_آزادی_لانگ_مارچ pic.twitter.com/mPFWHFjQOi
— PTI (@PTIofficial) October 29, 2022
نوٹس میں کہا گیا کہ یہ نوٹس پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر آپ کو 26 اکتوبر جاری کردہ شوکاز نوٹس کے حوالے سے جاری کیا جارہا ہے، آپ نے مقررہ مدت کے اندر نوٹس کا جواب نہیں دیا اس لیے پارٹی سے آپ کی رکنیت ختم کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی رہنما فیصل واڈا کو شوکاز نوٹس معروف صحافی ارشد شریف کے قتل اور لانگ مارچ کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے فوری بعد عمران خان کی ہدایت پر جاری کیا گیا تھا۔
فیصل واڈا نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ارشد شریف کو قتل کرنے کا منصوبہ پاکستان کے اندر بنایا گیا اور اس کا مقصد پاکستان میں افراتفری پھیلانا اور لاشیں گرانا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون اور موت ہی موت نظر آرہی ہے اور اہم شخصیات سمیت کئی لوگ مارنے کی سازش کی جارہی ہے۔
ان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے کہا تھا کہ ‘فیصل واڈا ہمارا لانگ مارچ کو نقصان پہچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ فیصل واڈا کو پارٹی کی جانب سے رکنیت معطل کرنے کے ساتھ ساتھ وضاحت کے لیے دیا گیا شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا۔