ٹی ٹوئنٹی کا عالمی میلہ ۔۔۔ کیا بھارتی کرکٹ ٹیم اس بار فنشنگ لائن عبور کرپائے گی؟ اس بار بھی سورماؤں کے ترکش میں ایسے ہتھیار ہیں جو بلیو شرٹس کو تن تنہا ہی میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھارت کی تاریخ
بھارت کی کرکٹ ٹیم نے یکم دسمبر 2006 کو پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔ بھارتی ٹیم اب تک کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی کے تمام عالمی کپ کا حصہ رہی ہے۔ بھارت کو 2007 میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی کے سب سے پہلے عالمی کپ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
2007 میں بھارت نے مہندرسنگھ دھونی کی قیادت میں فائنل میں روایتی حریف پاکستان کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن اسکے بعد سے اب تک بھارتی ٹیم ایک بار بھی چیمپیئن نہ بن سکی۔
آئی پی ایل اور بھارتی ٹیم پر تنقید کیوں ہوتی ہے؟
بھارت کی ٹی ٹوئنٹی لیگ آئی پی ایل دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ کہلاتی ہے اور دنیا کی سب سے بڑی لیگ ہونے کے باوجود دوبارہ کبھی چیمپیئن نہ بننے پر بھارتی ٹیم پر تنقید بھی ہوتی ہے۔ لیکن اس بار دنیا بھر کے متعدد سابق کرکٹرز اور تجزیہ کار بھارت کو فیوورٹ قرار دے رہے ہیں۔
بھارت کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ اے میں شامل ہے۔ گروپ اے میں بھارت کی روایتی حریف پاکستان بھی ہے جب کہ میزبان امریکا، کینیڈا اور آئرلینڈ بھی گروپ اے کا حصہ ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں بھارت کا شیڈول
بھارت کی ٹیم میگاایونٹ میں 5 جون کو آئرلینڈ کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ یہ میچ نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے جو ورلڈکپ کیلئے نیا تیار کیا گیا ہے۔
اسی میدان پر بھارتی ٹیم کا 9 جون کو پاکستان کے ساتھ ٹاکرا ہوگا۔ بھارت کا عالمی کپ میں تیسرا میچ 12 جون کو امریکا کے ساتھ ہوگا۔ یہ میچ بھی نیویارک میں ہی کھیلا جائے گا۔ جب کہ بھارتی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 15 جون کو کینیڈا کے خلاف فلوریڈا کے اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں بھارت کا اسکواڈ
روہت شرما مسلسل دوسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، یشسوی جیسوال اور سوریا کمار یادو بلے باز ہیں۔ رشپ پانت اور سنجو سیمسن کو بطور وکٹ کیپر بیٹر منتخب کیا گیا ہے۔
آل راؤنڈرز میں شیووم دوبے، روندر جڈیجا اور اکشر پٹیل اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ باؤلرز میں ارشدیپ سنگھ، جسپریت بمراہ، یوزویندرا چہل ، کلدیپ یادوو اور محمدسراج بھارتی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھارت کی کارکردگی
بھارت نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آخری میچ تقریباً 4 ماہ قبل افغانستان کے خلاف کھیلا تھا۔ گزشتہ 2 ماہ سے بھارتی ٹیم کے کھلاڑی آئی پی ایل میں مصروف تھے۔
بھارتی ٹیم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنے آخری پانچ میں سے 3 میچ جیت سکی۔ ایک میچ میں شکست ہوئی اور ایک میچ ٹائی ہوا تھا تاہم میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں بھارتی ٹیم جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔
مجموعی طورپر کرکٹ کے مختصرترین فارمیٹ میں بھارت نے اب تک 219 میچ کھیلے ہیں جس میں سے 140 جیتے اور 68 میں شکست ہوئی۔ 5 میچ ٹائی ہوئے اور 6 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔