Search
Close this search box.

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی تاریخ، ریکارڈ اور 2024 کے ورلڈکپ میں شیڈول

بابراعظم کی قیادت کیا اس بار قومی ٹیم کی کشتی پار لگاپائے گی؟ کرکٹ کے میدانوں پر شاہینوں کا ایک اور بڑا امتحان آگیا۔ قومی اسکواڈ میں ایسے کھلاڑی ضرور شامل ہیں جو اکیلے ہی میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن کھلاڑیوں کا موجودہ فارم بڑا سوالیہ نشان ہے۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی تاریخ

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے حال سے پہلے تھوڑا ماضی جانتے ہیں۔ گرین شرٹس نے اس فارمیٹ میں پہلا میچ 2006 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ انضمام الحق کی قیادت میں کھیلے گئے اس میچ میں قومی ٹیم نے جیت درج کرکے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ دنیائے کرکٹ کیلئے نیا ضرور تھا لیکن پاکستانی اس فارمیٹ سے طویل عرصے سے واقف تھے اور اسکی بڑی وجہ پاکستان خاص طور کراچی کے گلی محلوں اور رمضان میں کھیلی جانے والی کرکٹ ہے اور اسی وجہ سے پاکستانی ٹیم جلد ہی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی بہترین ٹیم بن کر ابھری ہے۔

2007 میں ٹی ٹوئنٹی کا پہلا عالمی کپ ہوا تو پاکستانی ٹیم فائنل تک پہنچی لیکن گرین شرٹس منزل کے بالکل قریب پہنچ کر ہمت ہارگئے اور روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستان کو شکست ہوئی۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی کی رنراپ پاکستان نے اگلے ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں داغ دھودیا اور یونس خان کی قیادت میں پاکستان نے اس بار چیمپیئن بننے کا تاج سجالیا۔ فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرایا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ سیمی فائنل کھیلنے کا ریکارڈ

 پاکستانی ٹیم آج بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیم ہے۔ گرین شرٹس نے اب تک کھیلے گئے 8 میں سے 6 ایونٹ کے سیمی فائنل کھیلے ہیں اور ان 6 میں سے 3 مرتبہ قومی ٹیم فائنل تک بھی پہنچی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کا شیڈول

پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ اے میں شامل ہے۔ گروپ اے میں پاکستان کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج بھی درپیش ہوگا جبکہ یوایس اے، کینیڈا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں بھی گروپ اے کا حصہ ہیں۔

میگاایونٹ میں پاکستانی ٹیم 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف ڈیلاس میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ بھارتی ٹیم کے ساتھ پاکستان کا 9 جون کو نیویارک میں میچ شیڈول ہے۔ نیویارک میں ہی گرین شرٹس 11 جون کو کینیڈا کے مدمقابل ہوں گے جبکہ شاہینوں کا آخری گروپ میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف فلوریڈا میں کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کا اسکواڈ

بابراعظم مسلسل تیسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔ قومی اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں محمدرضوان اور اعظم خان وکٹ کیپرز ہیں۔ فخرزمان، عثمان خان، صائم ایوب اور افتخار احمد بلے باز کے طور پر منتخب ہوئے۔

آل راؤنڈرز میں عمادوسیم اور شاداب خان شامل ہیں۔ فاسٹ باولرز میں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ، محمدعامر اور محمدعباس آفریدی قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ ابراراحمد قومی اسکواڈ میں شامل واحد اسپیشلسٹ اسپنر ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی کارکردگی

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کے آخری 5 میچز کی کارکردگی پر نظرڈالی جائے تو قومی ٹیم صرف ایک میچ جیت سکی۔ دو میں شکست ہوئی اور دو میچ بے نتیجہ رہے۔ 

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان بھارت کے ساتھ سب سے زیادہ میچز جیتنے والی ٹیم ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں ٹیموں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 140، 140 میچز جیتے ہیں۔

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں یہ 140 فتوحات 241 میچز میں حاصل کی ہیں۔ 91 میں شکست ہوئی۔ 3 میچ ٹائی ہوئے اور سات بے نتیجہ رہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں پاکستانی ٹیم امریکی میدانوں پر پہلی بار ان ایکشن ہوگی۔ ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر پاکستان نے 17 ٹی ٹوئنٹی میں سے 8 جیتے اور 6 میں شکست ہوئی ہے جب کہ 3 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں