آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ابھی سے پاک بھارت میچ پر سب کی نظریں جم گئیں۔ روایتی حریفوں کے درمیان میچ کا اسٹیڈیم سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز اس بار ویسٹ انڈیز اور امریکا میں کھیلے جائیں اور امریکا پہلی مرتبہ انٹرنیشنل لیول پر کرکٹ کے کسی بڑے عالمی مقابلے کی میزبانی کرے گا۔
امریکا میں کرکٹ کا کھیل فٹبال، بیس بال، باکسنگ جتنا مقبول نہیں اور اسی وجہ سے امریکا میں کرکٹ کے کوئی خاص اسٹیڈیم بھی موجود نہیں ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے نیویارک میں ایک نیا اسٹیڈیم تعمیر کیا جارہا ہے اور اسی اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں بھی ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
آئی سی سی کی جانب سے اسٹیڈیم کے تعمیراتی کام کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔
اسٹیڈیم کے ایسٹ اور ویسٹ اسٹینڈز مکمل ہونے کے قریب ہیں جس میں 24 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ نارتھ اور ساؤتھ اینڈز پر پریمیئم ہوسپیٹیلیٹی اور میڈیا پویلینز کی تعمیر جاری ہے۔ مجموعی طور پر اس اسٹیڈیم میں 34 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔
آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلے کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ تعمیراتی کام پلان کے مطابق چل رہا ہے، اسٹیڈیم مقررہ وقت پر میزبانی کیلئے بالکل تیار ہوگا۔
آئی سی سی کے مطابق نیویارک کا یہ اسٹیڈیم 21 مئی تک تیار ہوجائے گا جسکے بعد 25 مئی کو اس میدان کی ٹیسٹنگ ہوگی اور 27 مئی کو ایک نمائشی میچ بھی ہوگا۔ نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا پہلا میچ 3 جون کو جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔
اس اسٹیڈیم میں بھارت کے تمام گروپ میچز کھیلے جائیں گے اور میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 9 جون کو اسی اسٹیڈیم ہوگا۔ مجموعی طور پر عالمی کپ کے 8 میچز اس میدان پر کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی کی جانب سے نساؤ کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول 8 میں سے 6 میچز کے اضافی ٹکٹوں کو فروخت بھی شروع ہوگئی ہے اور شائقین کرکٹ آن لائن ٹکٹ بک کرواسکتے ہیں۔ پاک بھارت میچ تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔