بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں واٹر بوائے کی ذمہ داریاں انجام دیں۔
دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران ہفتے کو دوسرے ون ڈے میچ میں بھارتی ٹیم نے کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی کو پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا تھا۔
میچ نہ کھیلنے والے ویرات کوہلی نے میچ میں واٹربوائے کی خدمات انجام دیں اور ساتھی کھلاڑیوں کو پانی پلاتے نظر آئے۔ کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں پانی پلاتا دیکھ کر ان کے مداحوں نے حیرانی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی ٹیم اسپرٹ کو بھی سراہا۔
ویرات کوہلی اس سے قبل ماضی میں بھی میچ نہ کھیلنے پر واٹربوائے کی خدمات انجام دے چکے ہیں، رکی پوٹنگ، اسٹیواسمتھ، مصباح الحق، سرفرازاحمد جیسے دنیا کے مایہ ناز پلیئرز بھی واٹربوائے کی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ برج ٹاؤن میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 6 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ پہلا میچ بھارت نے جیتا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ یکم اگست کو شیڈول ہے۔