ووٹ کے اندراج اور کوائف میں تبدیلی سے متعلق تمام تفصیلات اور طریقہ کار

الیکشن میں ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹ کا اندراج ہونا بے حد ضروری ہے اور ہر پاکستانی شہری جسکی عمر 18 سال سے زائد ہو اور اسکا قومی شناختی کارڈ بن گیا ہو ووٹ کا اندراج کرواسکتا ہے۔

شہری پہلے سے رجسٹرڈ ووٹ کی معلومات میں تصیح بھی کرواسکتے ہیں۔ رجسٹرڈ ووٹر کی معلومات شناختی کارڈ نمبر کو 8300 پر موبائل سے ایس ایم ایس کرکے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

ووٹ کے اندراج ، منتقلی یا کوائف میں درستگی کیلئے متعلقہ شہری کو ووٹ کے اندراج یا منتقلی یا کوائف میں درستگی کے فارم جمع کرانے ہوں گے۔ یہ فارم ضلع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ۔ رجسٹریشن آفیسر یا اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر یا ڈسپلے سینٹر انچارج کے دفتر سے کسی بھی وقت بالکل مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

یہ فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے آن لائن بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں اسکے لئے آپکو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ http://www.ecp.gov.pk پر جانا ہے۔

ویب سائٹ اوپن ہونے پر سامنے ہی مختلف آپشن نظر آئیں گے جس میں سے پانچواں آپشن FOR VOTERS کا ہوگا۔

جیسے ہی اس پر ماؤس کے کرسر کو لے کر جائیں گے نیچے کی جانب 6 مزید آپشن نظر آنے لگیں گے ۔ اس میں سے آپکو سب سے پہلے آپشن How To Register پر کلک کرنا ہے۔

اور اس پر کلک کرتے ہی ویب سائٹ پر ایک نیا پیج اوپن ہوجائے گا جس میں ووٹ کے اندراج، منتقلی یا کوائف میں درستگی کیلئے معلومات درج ہیں۔

اس پیج پر ووٹر فارمز کا ایک آپشن نظر آئے گا جسکے نیچے 3 مختلف اقسام کے فارم نظر آئیں گے۔ جوکہ فارم 21 ، فارم 22 اور فارم 23 ہوں گے۔

اگر آپ پہلی مرتبہ ووٹ کا اندراج کروا رہے ہیں یا پھر پہلے سے رجسٹر ووٹ کی مستقل یا عارضی پتے پر منتقلی چاہتے ہیں اسکے لئے آپکو فارم 21 ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔

اسکرین پر نظر آنے والے آپشن Form 21: For Registration / Transfer of Vote پر کلک کرتے ہی فارم نمبر 21 اوپن ہوجائے گا جو کہ پی ڈی ایف فائل کی صورت میں ہوگا اور اسے ڈاؤن لوڈ کے آپشن پر کلک کرکے باآسانی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

ووٹ کے اندراج یا منتقلی کیلئے شہری کو فارم میں اپنے تمام کوائف درج کرنے ہوں گے۔ جس میں سب سے انتخابی علاقے کا نام ، پھر شماریاتی کوڈ درج کرنا ہے۔

تیسرے نمبر پر اندراج ووٹ یا ووٹ منتقلی میں سے کسی ایک آپشن پر چیک لگانا ہے۔ درخواست گزار کو اپنا نام اور پھر والد یا شوہر کا نام درج کرنا ہے۔ جسکے بعد چھٹے نمبر پر موجود آپشن میں جنس کا انتخاب کرنا ہے۔

اسکے بعد درخواست گزار کو اپنا شناختی کارڈ نمبر ، تاریخ پیدائش، مذہب، پتہ اور فون نمبر کا اندراج کرنا ہوگا۔ جسکے بعد فارم پر موجود 11 نمبر کے آپشن میں انتخاب کرنا ہے کہ آیا ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر موجود مستقل پتہ پر یا عاضی پتہ پر کیا جائے۔

سرکاری ملازمت کسی اور شہر میں ہونے کی صورت میں درخواست گزار اس پتے پر بھی ووٹ کا اندراج کرواسکتا ہے جہاں وہ ملازمت کی وجہ سے رہائش پذیر ہے۔ اس صورت میں درخواست گزار کو سرکاری ملازمت سے متعلق کوائف بھی مکمل درج کرنے ہوں گے اور ملازمت کا سرٹیفکٹ بھی درخواست کے ساتھ منسلک کرنا ہوگا۔

اسکے بعد حلف نامہ اور اقرار نامہ پر میں کوائف درج کرکے اپنے دستخط اور انگوٹھے کا نشان لگانا ہے۔ ووٹ کے اندراج یا منتقلی کا فارم درخواست کی طرف سے فیملی میں کوئی اور رکن بھی جمع کراسکتا ہے اس صورت میں اسے اختیار نامہ میں بھی کوائف درج کرنے ہوں گے۔

فارم بھرنے کے بعد اس فارم کو قومی شناختی کی کاپی کے ساتھ ضلع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ۔ رجسٹریشن آفیسر یا اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر یا ڈسپلے سینٹر انچارج کے دفتر میں جمع کروانا ہوگا۔

اسی طرح اگر کوئی شہر پہلے سے رجسٹرڈ ووٹ سے متعلق معلومات میں کسی قسم کی غلطی کی درستگی چاہتا ہے تو اسے ویب سائٹ پر موجود Form 23: For Correction of Particulars پر کلک کرنا ہوگا. اور اس پر کلک کرتے ہی فارم 23 اوپن ہوجائے گا جسے بھی ڈاؤن لوڈ کے آپشن سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

درستگی کے فارم میں درخواست گزار کو اپنے انتخابی علاقے، شماریاتی بلاک کوڈ اور انتخابی فہرست کے سلسلہ نمبر کو درن کرنا ہے۔

جسکے بعد فارم پر ایک گراف ہوگا جس میں گھرانہ نمبر، نام ، والد کا نام ، خاوند کا نام، تاریخ پیدائش اور پتہ درج ہے، اس میں سے اُس کوائف پر چیک لگانا ہے جسکی درستگی کرنی ہے۔

پھر اسکے آگے جو غلط اندراج ہوا ہے اسے درج کرنا ہے اور اسکے بعد اگلے کالم میں جو درست کرکے اندراج کرنا ہے وہ معلومات درج کرنی ہے۔

اسکے بعد اپنے کوائف جس میں نام، والد کا نام، شناختی کارڈ نمبر، پتہ، رابطہ نمبر اور اقرار نامہ کو بھر کر فارم اپنے شناختی کارڈ کی کاپی کے ساتھ ضلع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ۔ رجسٹریشن آفیسر یا اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر یا ڈسپلے سینٹر انچارج کے دفتر میں جمع کروانا ہوگا۔

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts