پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک روزہ فارمیٹ میں پہلی پوزیشن پر پہنچانے والے بابراعظم کو رواں سال بھارت میں شیڈول ورلڈکپ تک کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بابراعظم کو پاکستان کو ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بنانے کا صلہ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میگاایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرتے نظر آئیں گے۔ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے بابراعظم کو ورلڈکپ تک کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجم سیٹھی جلد بابراعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے جس میں بابراعظم کو ورلڈکپ تک کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھی بابراعظم کو بحیثیت کپتان برقرار رکھنے کی تجویز دی تھی۔
بابراعظم کی قیادت میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چوتھے ون ڈے میچ میں ہراکر ایک روزہ فارمیٹ میں پہلی مرتبہ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
بابراعظم کو 2019 میں سرفرازاحمد کی جگہ قومی ٹیم کی قیادت سپرد کی گئی تھی۔ بابراعظم اب تک 25 ون ڈے میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں جس میں سے انہوں نے 17 میچز میں کامیابی حاصل کی 7 میں شکست ہوئی اور ایک میچ ٹائی ہوا تھا۔