خواتین کے عالمی دن پر پاکستان میں ہونے والے عورت مارچ کو روکنے کے لئے وفاقی مذہبی امور نورالحق قادر نے بڑا قدم اٹھالیا۔ نورالحق قادری نے عورت مارچ کی اجازت نہ دے کر 8 مارچ کو یوم حجاب منانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا۔
وفاقی وزیر نور الحق قادری کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ یوم خواتین پر عورت مارچ یا کسی بھی عنوان سے اسلامی شعائر، اقدار اور حجاب کا تمسخر اڑانے کی اجازت نہ دی جائے۔

عورت مارچ کو بظاہر حقوق نسواں تحفظ کا عنوان دیاجاتا ہے لیکن اس مارچ میں جس طرح کے بینرز ، پلے کارڈ اور نعروں کا اظہار کیا جاتا ہے اس سے تاثر ملتا ہے کہ شاید مسئلہ حقوق نسواں سے زیادہ اسلام کی طرف سے دئے گئے نظام معاشرت کا ہے۔
پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اور یہاں کی اکثریت اصولی طور پر اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کی خواہش مند ہے۔ اس لئے آنے والے 8 مارچ کو یوم خواتین پر کسی بھی طبقہ کو عورت مارچ یا کسی بھی دوسرے عنوان سے اسلامی شائر، معاشرتی اقدار ، حیاء و پاکدامنی ، پردو و حجاب وغیرہ پر کیچڑ اچھالنے یا انکا تمسخر اڑانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔
خط میں وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے لکھا کہ عوام کیلئے خواتین کے حقیقی مسائل ، خاص طور پر عورت کی میراث میں حق ، گھریلو تشدد ، دفاتر میں ہراسگی ، عورتوں کی تعلیم ، جبری نکاح ، بیوہ اور یتیم کی کفالت ، جنسی استحصال جیسے مسائل پرروشنی ڈالنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی مذہبی امور نے سفارش کی کہ حکومت پاکستان اس سال 8 مارچ کو بین الاقوامی یوم حجاب منانے کا اعلان کرے۔ ملک بھر میں وفاقی اور صوبائی سطح پر پروگرامات منعقد کئے جائیں ۔ اس موقع پر دنیا بھر میں بسنے والی مسلمان خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے جنہیں اپنی مذہبی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر اشرفی اور دیگر مذہبی رہنماؤں کی جانب سے بھی نورالحق قادری کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی گئی ہے کہ 8 مارچ کو حکومتی سطح پر یوم حجاب منایا جائے جبکہ عورت مارچ کی اجازت نہ دی جائے۔
دوسری جانب عورت مارچ پر پابندی کیلئے وزیر مذہبی امور کے خط پر پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور کا خط حیران کن ہے آپ عورتوں کے عالمی دن پر ہی ان کی آزادی اور حقوق سلب کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔