سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کے وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر بینچ تشکیل دے دیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اب سے کچھ دیر قبل ہی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں منحرف اراکین کے ووٹ شمار کیے بغیر آج ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
پی ٹی آئی کی لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کے لیے سپریم کورٹ نے بینچ تشکیل دے دیا، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ 3 رکنی بینچ آج دن ڈیڈھ بجے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجربینچ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواستیں جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے منحرف اراکین کے ووٹ شمار کیے بغیر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ 16 اپریل کو ہونے والے انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج (یکم جولائی کو)منحرف ارکان کے 25 ووٹوں کو شمار کیے بغیر کی جائے، ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور دوبارہ انتخابات کے لیے اگر ضرورت پڑے تو پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ہی شام 4 بجے ہو گا۔