Search
Close this search box.

وزیراعلی سندھ کا کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ، کورنگی انڈسٹریل ایریا کے ایس ایچ او کو معطل کردیا

وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے آج کراچی میں مختلف مقامات کا دورہ کیا اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزراء شرجیل میمن، سعید غنی اور میئرکراچی مرتضٰی وہاب بھی وزیراعلی سندھ کے ہمراہ تھے۔

کورنگی کازوے پر پل کب تک تعمیر ہوگا؟

وزیراعلی سندھ سب سے پہلے میگا پروجیکٹ کا جائزہ لینے کورنگی کاز وے پہنچے۔ بریفنگ کے دوران وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 2 سال کے عرصے میں مکمل ہوگا۔

کورنگی کاز وے منصوبے کے پی سی ون 4677.551 ملین روپے ہے، منصوبے کی تعمیری لاگت 6499.986 ملین روپے ہے اور اس منصوبے کو جولائی 2023 میں شروع کیا گیا تھا۔ کورنگی کاز وے 2.30 کلومیٹر طویل ہے اور اس پر ایک کلومیٹر کا پل تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلی سندھ نے کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی سندھ نے ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا کو کیوں معطل کیا؟

وزیراعلی سندھ نے کورنگی کاز وے پر کچرا ڈمپ کرنے کی اجازت دینے پر ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا پر برہمی کا اظہار کیا اور انہیں معطل کردیا۔ وزیراعلی سندھ نے  ایس ایس پی کو کورنگی کاز وے پر اپنا کیمپ آفیس بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگر کورنگی کاز وے پر کسی نے دوبارہ کچرا پھینکا تو ڈی سی اور ایس ایس پی کے خلاف کارروائی ہوگی۔

نئے جام صادق پل کی تعمیر اور یلو لائن بی آر ٹی کے منصوبے 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جام صادق پل کا دورہ کیا جہاں انہیں یلو لائن بی آر ٹی کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جام صادق پل ملیر ندی کے اوپر بنایا ہوا ہے اور یہ پل 1.4 کلومیٹر طویل ہے۔

نیا جام صادق پل 12531 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ جام صادق پل کا کام معیاری اور بر وقت ہونا چاہئے۔ 

ملیرایکسپریس وے کا کام کہاں تک پہنچا؟

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ملیر ایکسپریس وے کے قائد آباد برج کے پورشن کا معائنہ کیا۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ملیر ایکسپریس وے سے متعلق بریفنگ بھی دی۔

بریفنگ میں مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ ملیر ایکسپریس وے پروجیکٹ 12 مئی 2022ء کو شروع کیا گیا، جو 3 سال میں مکمل کیا جائے گا، ملیر ایکسپریس وے جام صادق پل سے کاٹھور ایم نائن تک میگا پروجیکٹ ہے، یہ منصوبہ 38.66 کلو میٹر طویل ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے پر 6 انٹرچینجز اور 2 ٹول پلازا ہوں گے، ملیر ایکسپریس وے کے سیگمنٹ 1 کے لیے متوقع ٹائم لائن میں 3 ماہ کی تاخیر ہوئی، نظرِ ثانی شدہ ٹائم لائنز کو 18 تا 21 ماہ تک بڑھانے کے لیے مقرر کیا گیا ہے، ملیر ایکسپریس وے کے لیے 13818 ملین روپے اضافی لاگت کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیراعلی کی کریم آباد انڈرپاس کا کام تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ضلع وسطی میں کریم آباد انڈر پاس کا دورہ کیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کریم آباد انڈر پاس کے ڈی اے 1350 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔

کریم آباد 650 میٹرز طویل اور 6.1 میٹرز طویل ہے اور اسکا 35 فیصد کام ہوچکا ہے جس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کریم آباد انڈر پاس کا کام معیاری اور تیز کیا جائے۔

ضلع وسطی میں نئے اسپورٹس کمپلیس کی تعمیر

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ضلع وسطی میں نئے اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر بریفنگ دی گئی کہ ضلع وسطی میں یہ اسپورٹس کمپلیکس 15.4  ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔

اس اسپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ اور فٹبال گراؤنڈز، جاگنگ ٹریک اور جمز تعمیر کئے جائینگے۔ کرکٹ گراؤنڈ کا ایریا 7.6 ایکڑز اور فوٹبال گراؤنڈ 7.6 ایکڑز پر مشتمل ہوگا۔ اسپورٹس کمپلیکس میں تمام جدید سہولیات میسر ہونگی۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں