وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے تھرکول بلاک ون کو بجلی کی پیداوار کے لیے نبی سر سے وجیھر تک پانی پہنچانے کی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ تھر بلاک ون سے کوئلے کے ذریعے ہزار 650 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔
پانی کے منصوبے کے تحت فراش ریگیولیٹر سے نبی سر تک 200 کیوسک کی کینال تعمیر کی جارہی ہے۔ کینال کے 200 کیوسک پانی میں سے 45 کیوسک پانی پرائیویٹ پاور کمپنی کو دیا جائے گا۔
وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ حکومت سندھ یہ منصوبہ کویت کی سرکاری کمپنی انرٹیک کے اشتراک سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کررہی ہے جس کی لاگت 18 کروڑ 23 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔
کویت کی کمپنی 45 کیوسک پانی کی پائپ لائن 60.7 کلومیٹر نبی سر سے وجیھر تک بچھائی جائےگی جبکہ نبی سر میں 45 دن پانی کے ذخیرے کے لیے تالاب بنایا جائے گا اور وجیھر میں 30 دن پانی کے ذخیرے کے لیے ایک تالاب تعمیر کیا جائے گا۔
مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ 48 کیوسک پانی کو پمپ کرنے کیلئے 4.8 میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگایا جائے گا، 60 کیوسک کی 2 پمپنگ اسٹیشن بھی قائم کیے جائیں گےجبکہ41 کیوسک گندے پانی کو صاف کرنے کے لیے ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی لگایا جائے گا۔
پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع ہونے والا یہ منصوبہ ایک سال کی مدت میں مکمل ہوگا۔ سندھ میں پانی کی قلت پر وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم شہباز شریف نے صوبہ کو اسکے حصے کا پورا پانی ملنے کی امید دلائی۔