نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کے الیکٹرک کو تمام پمپنگ اسٹیشنز کو لوڈشیڈنگ فری کرنے کی ہدایت دے دی۔
نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کی زیر صدارت تمام سوِک ایجنسیز کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں میئر کراچی، سیکریٹری خزانہ ، سیکریٹری بلدیات، سیکریٹری ورکس، صوبائی سیکریٹریز، ڈی جیز شریک ہوئے۔
کے ڈی اے، ایل ڈی اے، ایم ڈی اے ، سی ای او واٹر بورڈ، کمشنر کراچی، کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، کینٹونمنٹ کے نمائندگان ، کے الیکٹرک تقسیم کار افسران، ایم ڈی سولڈ ویسٹ مینجمنٹ، آر بی ٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز، کیبل آپریٹرز اور دیگر شریک ہوئے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق نگراں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک کو تمام پمپنگ اسٹیشنز کو لوڈشیڈنگ فری کرنے کی ہدایت دی تو اُنہیں بریفنگ دی گئی کہ جب پمپنگ اسٹیشنز کو لوڈشڈنگ فری کرنے کا کہا تو کے الیکٹرک نے90 ملین روپےکا بل بھیج دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کو مل بیٹھ کر مسئلہ حل کرنے کی ہدایت دے دی۔ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کہا کہ کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کی کوئی غفلت برداشت نہیں کروں گا۔