وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ پروگرام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے جس میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی لیپ ٹاپ اسکیم سے ایک لاکھ ایسے طلبہ کو لیپ ٹاپ ملنے کی راہ کھل گئی ہے جو ہائرایجوکیشن کمیشن کی منظورشدہ سرکاری جامعات اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم یا اس معیاری سطح پر پورا اترتے ہوں۔
پبلک سیکٹر یونیورسٹی کے تمام اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ
(laptop.pmyp.gov.pk)
پر درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ 20جون ہے۔اس لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ایک لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر اس لیپ ٹاپ اسکیم میں بلوچستان کا 14 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے ، یعنی 1لاکھ میں سے 14000 لیپ ٹاپس بلوچستان کے طلبا و طالبات میں تقسیم کیے جائیں گے۔ بقایا 86000 لیپ ٹاپس ہائرایجوکیشن کمیشن کی منظورشدہ سرکاری جامعات اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تقسیم کیے جائیں گے
کراچی کی مجموعی طور پر 11 جامعات اس لیپ ٹاپ اسکیم کی اہل ہونگی جن میں جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی، ڈاؤ یونیورسٹی، انسٹیٹوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے)، بے نظیر شہید یونیورسٹی لیاری شامل ہے۔
سندھ مدرستہ اسلام یونیورسٹی، جناح میڈیکل یونیورسٹی، شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء، داؤد یونیورسٹی آف انجینرئنگ اینڈ ٹیکنالوجی، سندھ انسٹیٹوٹ آف فزیکل میڈیسن اور ری ہیبلیٹیشن اور وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم سے لیپ ٹاپ حاصل کرنے کیلئے طالب علموں کو PMYP درخواست دہندگان کی آفیشل ویب سائٹ (laptop.pmyp.gov.pk) کے ذریعے اسکیم کے لیے اندراج کرانا ہوگا۔ ذاتی معلومات بشمول قومی شناختی کارڈ ، نمبر، موبائل نمبر، اور ای میل ایڈریس بالکل درست فراہم کرنا ہوگا۔
درخواست گزاروں کو درست معلومات جمع کرانا بہت ضروری ہے، کیونکہ کوئی بھی غلط ڈیٹا رجسٹریشن کی منسوخی کا باعث بن سکتا ہے۔ رجسٹریشن مکمل کرنے کے بعددرخواست دہندہ کو اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان کرنے کی ضرورت ہے۔
درخواست کا اسٹیٹس چیک کرنے کیلئے درخواست دہندہ کو اسٹیٹس چیک کے سیکشن میں جاناہوگا۔ یہ انہیں اپنی درخواست کی پیشرفت کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا۔
درخواست دہندگان کو ویب سائٹ پر دستیاب اہل یونیورسٹیوں کی فہرست کو چیک کرنا ہوگا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان کی یونیورسٹی سکیم کے مرحلے کے لیے اہل ہے یا نہیں۔
PhD/MS/M PHIL کےوہ طلبا و طالبات جن کا 30 جون تک 18 سالہ تعلیمی پروگرام میں اندراج ہو ، وہ طلبا و طالبات جن کا 30جون تک چار یا پانچ سالہ بیچلر ڈگری پروگرام میں اندراج ہو اور وہ طلبا و طالبات جن کا 30 جون تک ڈیڑھ سالہ، ڈھائی سالہ اور ساڑھے تین سالہ ایم بی اے پروگرامیں اندراج ہو وہ لیپ ٹاپ اسکیم میں شامل ہونے کے اہل ہونگے ۔
اگر طلبا و طالبات کو اس اسکیم کے حوالے سے مزید تفصیلات درکار ہوں تو وہ pmyls@hec.gov.pk پر رابطہ کر سکتے ہیں. جبکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں 051111119432 / 03341119432 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔