وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش کے باوجود پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی نہ کرنے کا اقدام لاہور پائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں اظہر صدیق نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت وزارت خزانہ کو پیٹرول کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی ہوئی ہے، وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 15روپے سے زائد فی لیٹر کمی کی سفارش کی۔
وزارت خزانہ نے وزیراعظم کی سفارش مسترد کرکے غیر قانونی اقدام کیا، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت وزیراعظم کی سفارش کے مطابق پٹرول کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔
واضح رہے وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو پیٹرول کی قیمت میں بھاری کمی کی ہدایت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی میں واضح کمی واقع ہوئی ہے اور معاشی استحکام آیا ہے۔
زیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 90 پیسے کمی کی ہدایت کی گئی لیکن جب وزارت خزانہ کے پٹرولیم ڈویژن نے مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تو ان میں کی گئی کمی معمولی سی تھی۔
وزرات خزانہ نے وزیراعظم کی ہدایت کے برعکس آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے کمی کی۔