وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی فائدہ پاکستانی عوام کو بھی پہنچادیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔
قوم سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گری ہیں، آج ہمیں قیمتوں کو کم کرنے کا موقع ملا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کررہے ہیں جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کررہے ہیں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
ڈیزل کی نئی قیمت 40 روپے54 پیسےکمی کے بعد 236 روپےلیٹر ہوگئی ہے جب کہ پیٹرول کی نئی قیمت 18 روپے 50 پیسےکمی سے 230 روپے24 پیسےفی لیٹر ہوگئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومت سنبھالی تو تباہ حال معیشت ملی، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا اور اس معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی تھیں، انہوں نے ہماری حکومت کیلئے بارودی سرنگیں بچھادیں، اس کی مثال ہے کہ ہماری حکومت کو مشکلات میں ڈالنے کیلئے تیل کی قیمتوں میں کمی کردی، جس کیلئے خزانے میں پیسے موجود نہیں تھے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا ہے کہ دنیا میں گیس کی قیمتیں کم ہوچکی تھیں سابق حکومت ناصرف اسپاٹ مارکیٹ سے فائدہ حاصل کیا بلکہ لانگ ٹرم گیس کے معاہدے جو کہ 5 ڈالر فی یونٹ پر ہوسکتے تھے نہ کرکے بدترین اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑا۔