وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی میں رائے شماری 3 اپریل کو ہوگی۔ شیخ رشید احمد کو عدم اعتماد کی تحریک میں وزیراعظم عمران خان کی کامیابی کا یقین ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ قومی اسمبلی میں 31 تاریخ کو عدم اعتماد پر بحث ہوگی۔ تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ آخری گھنٹے تک جائے گا۔ 3 اپریل کو رائے شماری کرائی جائے گی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ سیاست میں بعض لوگ ہارکربھی جیت جاتےہیں، عمران آخری گیند تک کھیلے گا اور میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں جب کہ چوہدریوں میں بغاوت کی خبر غلط ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ 3 اپریل کو ووٹنگ والا دن بھی بہتر گزرنے کی امید ہے اور انہیں یقین ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن کو شکست ہوگی اور عمران خان وزیراعظم برقرار رہیں گے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کبھی بلیک میلنگ نہیں کی۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ انکی خواہش ہے کہ عمران خان اس سال بہترین بجٹ پیش کریں اور پھر انتخابات کی طرف بڑھا جائے۔